• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’مغل اعظم‘ کی نیو یارک ٹائمز اسکوائر پر انٹری

فوٹو، فیس بک
فوٹو، فیس بک

بالی ووڈ کی اب تک کی سب سے بڑی فلم ’مغل اعظم‘ نیو یارک ٹائمز اسکوائر پر 3 ماہ کے طویل دورے پر پہنچ گئی۔

اکبر آصف، مرحوم لیجنڈری فلمساز کریم آصف کے بیٹے اس عظیم اسٹیج میوزِیکل’مغل اعظم‘کو آسکرز کے بعد اب نیویارک لےکر گئے ہیں۔

کریم آصف کا تعلق تقسیم سے پہلے لاہور سے تھا اور ان کے خاندان کے بہت سے افراد اب بھی پاکستان کے مختلف علاقوں میں رہتے ہیں۔ 

اکبر آصف اس فلم کو نیویارک ٹائمز اسکوائر پر اپنے والد کی میراث کو جاری رکھنے کے لیے لے کر گئے ہیں جنہوں نے فلم ’مغل اعظم‘ بنا کر عالمی تاریخ میں اپنا نام درج کروایا۔ 

نیو یارک ٹائمز اسکوائر سے وائرل ویڈیوز اور تصاویر میں میوزیکل کاسٹ کو رنگین ملبوسات پہنے مشہور چوک پر ’جب پیار کیا تو ڈرنا کیا‘ گاتے اور پرفارم کرتے ہوئے دکھاجاسکتا ہے۔


لندن میں مقیم بزنس مین اکبر آصف کے دفتر نے فلم کی دنیا بھر میں نمائش کو اپنی زندگی کا مشن بنا لیا ہے۔ 

پہلا شو 26 مئی 2023ء کو ہوگا اور 20 اگست تک مختلف شہروں اٹلانٹا، نیویارک، بالٹی مور، اورلینڈو، شکاگو، نیو جرسی، ٹورونٹو، ہیوسٹن، ڈلاس، سیئٹل، وینکوور، سان جوس اور فینکس میں شوز جاری رہیں گے۔

1960ء کی بلاک بسٹر بالی ووڈ فلم’مغلِ اعظم‘ پر مبنی یہ عظیم اسٹیج میوزِیکل بھارت سے اپنی نوعیت کا پہلا شو ہے۔

اس سے قبل ’مغل اعظم‘ بالی ووڈ کے سنہرے دور کی پہلی فلم بنی جسے لاس اینجلس کی آفیشل آسکر لائبریری میں داخل کیا گیا۔

یاد رہے کہ تمام فلموں کی شہنشاہ کہلائی جانے والی فلم ’مغل اعظم‘ کو اس قدر پسند کیا گیا کہ 2007ء میں پاکستان میں بھی اس کی نمائش کی اجازت دے دی گئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید