• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ وزیراعظم کے سامنے تعصب بھری گفتگو کررہے تھے، مصطفیٰ کمال

سینئر ڈپٹی کنوینئر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ وزیراعظم کے سامنے تعصب بھری گفتگو کر رہے تھے، وزیراعظم نے گفتگو سنی اور اس تعصب پر ایک لفظ نہیں بولے۔

کراچی میں شہداء پکا قلعہ کی 33ویں برسی پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کل کی تقریر میں کوئی قوم پرست لیڈر معلوم ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ظلم اور تعصب کراچی کے ساتھ کھلم کھلا ہو رہا ہے، یہ تعصب بند ہونا چاہیے، اس سے پاکستان کو نقصان ہوگا، شہداء پکا قلعہ کے لواحقین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں کےفور کی لائن اگر بنی تو اس میں پانی نہیں دے سکتے۔

سابق میئر کراچی نے کہا کہ وزیراعلیٰ وزیراعظم سے مخاطب ہو کر کہنے لگے کہ یہ لائن آپ بنا رہے ہیں تو پانی بھی آپ دیں۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ وفاق سے سندھ کو ملنے والے پانی سے کراچی کو صرف 2 فیصد پانی دیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی آبادی پورے سندھ کی آبادی میں آدھی سے بھی زیادہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید