• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ کا بغیر پروٹوکول دورہ،شیخوپورہ رمضان بازار کا جائزہ لیا

لاہور،شیخوپورہ(خصوصی نمائندہ،نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نےگزشتہ روزبغیر پروٹوکول ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ اور سستے رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عام کوچ میں سفر کرتے ہوئے بغیر پیشگی اطلاع اچانک ہسپتال پہنچے اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا جبکہ سستے رمضان بازار میں رمضان پیکیج کے تحت عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا  ۔ وزیراعلیٰ ہسپتال کے مختلف وارڈز میں گئے اور مریضوں کی عیادت کی۔مریضوں اور ان کے لواحقین سے علاج معالجے کیلئے دستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا جس پر مریضوں اور ان کے لواحقین نے طبی سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مریضوں کی بعض شکایات پر وزیراعلیٰ نے فوری طور پر علاج معالجے کے لئے ضروری احکامات جاری کئے اور بعض نادار اورکم وسیلہ مریضوں کے علاج  کیساتھ مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے ہڈیوں کے مرض میں مبتلا والدین کی شفقت سے محروم یتیم بچے وسیم کے علاج معالجے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اس بچے کی مکمل دیکھ بھال کرے گی۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈی سی او شیخوپورہ کی جانب سے ہسپتال کے باقاعدگی سے دورے نہ کرنے پر وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایسی شکایت نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں  نے ڈی سی او شیخوپورہ کو ہدایت کی کہ وہ ادویات کے سٹور میں تمام ادویات چیک کرکے رپورٹ پیش کریں۔ وزیراعلیٰ نے پیچیدہ امراض میں مبتلا مریضوں کو فوری طور پر لاہور کے ہسپتالوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ بعض مریضوں کے لواحقین نے شکایت کی کہ انہیں علاج معالجے کی مناسب سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں جس پر وزیراعلیٰ نے ایم ایس اور متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ مریضوں کا باقاعدہ چیک اپ کرایا جائے اور اس ضمن میں ان کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے سبزی منڈی شیخوپورہ کے سستے رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ، سبزیوں ، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں اور کوالٹی کو چیک کیا۔  وزیراعلیٰ نے میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے دورے کے دوران تمام مریضوں نے ڈاکٹرعدنان قیصر کی تعریف کی ہے اور ایسے ڈاکٹر ہمارے سروں کے تاج ہیں،  اگر تمام ڈاکٹرز ڈاکٹر عدنان قیصر کی طرح عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنے فرائض سرانجام دیں تو ہمارے ہسپتالوں کی حالت ہی بدل جائے۔ انہو ں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو  ہسپتال شیخوپورہ کی ایمرجنسی پر مریضوں کا بڑا دبائو ہے اسے بہتر کیا جائے گا۔   آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کیلئے ریکارڈ فنڈ رکھے گئے ہیں اور ہر ضلع کے ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین فراہم کی جائے گی تاکہ مریضوں کا چھوٹے شہروں کے ہسپتالوں سے بڑے ہسپتالوں میں جانے کا رجحان کم ہو ۔ ادویات کی ترسیل و فراہمی کے نظام کو بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔  ینگ ڈاکٹرز کے وفد سے ملاقات ہو چکی ہے۔ سینئر ڈاکٹرو ں سے بھی جلد ملاقات کروں گا اور مل بیٹھ کر ڈاکٹروں کے مسائل حل کئے جائیں گے۔  ہسپتالو ں کے ویسٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے مربوط حکمت عملی بنائی گئی ہے اور اس پر بہت جلد عمل کیا جائے گا۔  وزیر اعلیٰ  سے  رکن قومی اسمبلی سردار اویس احمد لغاری نے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ  نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی دل و جان سے عزیز ہے۔  سردار اویس لغاری نے جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے بجٹ میں خطیرفنڈز مختص کرنے پر شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔  وزیراعلیٰ  نے فادرز ڈے پر اپنے پیغام میں کہا  کہ باپ کی شفقت اور ماں کا پیار میری زندگی کا قیمتی ترین سرمایہ ہے۔ میں نے محنت، دیانت اور امانت جیسے سنہری اصول اپنے والد سے سیکھے ۔  والد کے انتقال کے بعد ان کی کمی زندگی کے ہر موڑ پر محسوس ہوتی ہے اور آج میں جس مقام پر ہوں اپنے والد کی وجہ سے ہوں۔  اپنے والد کے ساتھ گزرے لمحات کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔ میں اپنے عظیم والد کو زندگی کے ہر لمحے یاد رکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فادرز ڈے والد کی عظمت کو اجاگر کرنے کا دن ہے۔وزیراعلیٰ  سے ترکی کی نیشنل پولیس کے افسران نے ایڈیشنل آئی جی نیل عیادن کی قیادت میں ملاقات کی۔  وفد نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے کامیاب آپریشن کے بعد صحت یابی پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو مبارکباددی۔ وزیر اعلیٰ   نے    کہا کہ   پولیس فورس کی جدید انداز اور پیشہ وارانہ تربیت میں ترک نیشنل پولیس افسران کاتعاون و کردار لائق تحسین ہے۔   ترک نیشنل پولیس کے افسروں کی پیشہ وارانہ تربیت کے باعث پنجاب پولیس کی تربیت کا معیار بہتر ہوا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی ترک نیشنل پولیس نیل عیادن نے کہا کہ آئندہ بھی اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کرنے پر خوشی ہوگی۔شیخوپورہ سے نمائندہ جنگ کے مطابق شیخوپورہ سے ہمارے نمائندہ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دورہ شیخوپورہ کے دوران ہدایت جاری کی کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ کے ٹراما سنٹر میں گیسٹرو کے مریضوں کیلئے انتہائی محدود تعداد میں 100سی سی فلیجل کے انفیوژن  دینے کی تحقیقات کی جائے اور گیسٹرو کے مریضوں کیلئے مطلوبہ تعداد میں تمام ادویات فراہم کی جائیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ ٹراما سنٹر کی ہر شفٹ میں صرف 33ایسے  انفیوژن دیئے جاتے ہیں جس کے بعد لوگوں کو بازار سے یہ  انفیوژن خریدنا  پڑتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ  نے بھالیکے کے مقام پر راجباہ مانانوالہ میں پڑنے والے 70فٹ چوڑے شگاف پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت   کی کہ سی ایم اے ٹی اس شگاف کے ذمہ دار افسران کا تعین کرے ۔وزیر اعلیٰ نے ایکس کاویٹر ڈویژن اپر چناب کینال ، اپر گوگیرہ کینال،کیوبی لنک ڈویژن، رچنا ڈرینج ڈویژن اور محکمہ پبلک ہیلتھ اور لوکل گورنمنٹ کے زیر انتظام مالی سال 2015-16کے دوران ہونیوالے تمام ترقیاتی کاموں کی فوری طور پر تھرڈ پارٹی انسپکشن کروانے کی بھی ہدایت   کی ۔وزیر اعلیٰ کے طلب کرنے پر ان میں سے کئی محکموں کے افسر وہاں موجود نہ پائے گئے ۔  
تازہ ترین