• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیلوں میں خواتین سے بدسلوکی پر کوئی شک تھا تو دور ہو گیا: عمران خان

عمران خان—فائل فوٹو
عمران خان—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر جیلوں میں خواتین سے بدسلوکی میں کوئی شک تھا تو سند یافتہ مجرم کی پریس کانفرنس نے دور کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں عمران خان نے کہا ہے کہ خواتین کے ساتھ کبھی بھی ریاست کی طرف سے اتنا برا سلوک اور ہراساں نہیں کیا گیا۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ شخص یقینی طور پر ان خوفناک کہانیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے، یہ شخص قبل از وقت پردہ چاک کرنے کی آڑ میں ذمے داری سے فرار کی کوششیں کر رہا ہے، یہ کہانیاں عنقریب منظرِ عام پر آنے والی ہیں۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ خواتین پُر امن احتجاج کے حق کو استعمال کر رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ علی نواز اعوان کے گھر پر توڑ پھوڑ کی مذمت کرتا ہوں، یہ کارروائی افسوس ناک اور نہایت بزدلانہ ہے۔

سابق وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ علی نواز کی ضعیف والدہ اور معذور ہمشیرہ اسی رہائش گاہ میں مقیم ہیں، اب تک کے اقدامات سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اخلاقیات سے واقف نہیں۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ڈی ایم سرکار اللّٰہ کے غضب سے ڈرے، یہ اپنے فسطائی اقدامات کے ذریعے اللّٰہ کے غضب کو دعوت دے رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید