وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ اب مقابلہ ہے 9 مئی اور 28 مئی کا جس میں اللّٰہ نے چاہا تو 28 مئی جیتے گا۔
پشاور یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب میں عطاء تارڑ نے کہا کہ نوجوان نسل کو صرف نعروں کے پیچھے نہ لگایا جائے، انہیں ان کا حق دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کا مجسمہ جلایا گیا یہ کام دشمنوں کا تھا۔ شیر خان شہید کی بہادری کا دشمن بھی معترف ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ یہ ملک کے لیے کھڑے ہونے کا وقت ہے، اب 9 مئی اور 28 مئی کا مقابلہ ہے اگر اللّٰہ نے چاہا تو 28 مئی جیتے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف پاکستان آکر انتخابی مہم کو لیڈ کریں گے، انہوں نے 2013ء میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کی بنیاد رکھی۔
عطاء تارڑ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا قومی کھیل ہاکی کئی دہائیوں سے تنزلی کا شکار رہا، ہم ہاکی کے کھیل میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے آگے چل کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے، انہیں صرف نعروں کے پیچھے نہ لگایا جائے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ نے ایک پوزیشن لی جو نہیں لینی چاہیے تھی، ہمارے دور میں کوئی سیاسی انتقام نہیں ہوا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ہم جمہوریت کے لیےکھڑے رہے، ہم لیپ ٹاپ تقسیم کر رہے تھے اور وہ لنگر بانٹ رہا تھا۔