• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں کا قبلہ مکہ نہیں واشنگٹن ہے، فساد کا مرکز اسلام آباد ہے ،سراج الحق

لاہور (این این آئی )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا قبلہ مکہ نہیں واشنگٹن ہے ،سود کرپشن اور کمیشن نے پورے نظام کو تباہی سے دوچار کردیا ہے ، ملک میں فساد کا مرکز اسلام آباد ہے ،جب تک اسلام آباد میں امریکی وفادار اور بھارتی یار بیٹھے ہیں امن اور خوشحالی نہیں آسکتی۔ کرپٹ ،لینڈاور ڈرگ مافیا کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال کر جیلوں میں بند کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتفاق ٹائون لاہور میں ہونے والی سات روزہ فہم قرآن کلاس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے فہم قرآن کلاس کے مربی علامہ محمد جاوید قصوری اور امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہدنے بھی خطاب کیا۔سینیٹرسراج الحق نے مزید کہا کہ  ملک میں جمہوریت نہیں بادشاہت ہے جبکہ ایک اسلامی ریاست میں بادشاہت اور آمریت کی کوئی گنجائش نہیں ، حکمرانوں کا قبلہ مکہ نہیں واشنگٹن ہے ، امریکی احکامات کیلئے یہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کے احکامات کو پس پشت ڈال دیتے ہیں ، حکمرانوں کو عوامی مسائل اور پریشانیوں سے کوئی غرض نہیں،ادویات مہنگی اور شراب سستی ہے ،لاکھوں لوگ فٹ پاتھوں پر سونے پر مجبور ہیں ،یتیموں مسکینوں اور بیوائوں کا کوئی پرسان حال نہیں حالانکہ مستحق اور نادار لوگوں کی کفالت کی ذمہ داری ریاست اور حکومت کی ہے ۔ ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ  وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے معاشرے میں مایوسی اور بے چینی کو جنم دیا ہے ۔لوگوں کے حقوق غصب کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دولت کی غیر منصفانہ تقسیم سے امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہورہاہے ۔عدالتی نظام سے لوگوں کا اعتماد اٹھ چکاہے ،کسی غریب کو تھانے کچہری اور عدالت سے انصاف نہیں ملتا جبکہ بااثر ملزمان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ،انہوں نے کہا کہ اب تو حال یہ ہے کہ لوگ سول عدالتوں سے مایوس ہوکر فوجی عدالتوں سے انصاف مانگ رہے ہیں لیکن فوجی عدالتیں بھی مسئلے کا حل نہیں۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو اس وقت انصاف میسر آسکتا ہے جب ملک میں قرآن کے مطابق فیصلے ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر کا شکار غریب اسٹیٹس کو کے خاتمہ کیلئے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ لاہور جیسے شہر میں دن دیہاڑے 14معصوم سیاسی کارکنوں کو شہید کردیا گیا مگر دوسال بعد بھی انہیں انصاف نہیں ملا اور قاتلوں کو گرفتا ر کرکے نشان عبرت نہیں بنایا گیا۔
تازہ ترین