• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ انصاری نے اپنے کامیڈی شو کی پہلی جھلک شیئر کر دی

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
فوٹو بشکریہ انسٹاگرام 

پاکستانی معروف اداکارہ، مزاح نگار، گلوکارہ اور ڈرامہ نگار بشریٰ انصاری نے اپنے اسٹینڈ اپ کامیڈی شو ’ملکہ تبسم‘ کی پہلی جھلک شیئر کر دی ہے۔

67 سالہ بشریٰ انصاری پاکستان کی ہر فن مولا اداکارہ ہیں، اِن کی حسِ مزاح سے کون واقف نہیں، اداکارہ نے لمبا عرصہ بریک لینے کے بعد اب دوبارہ سے مداحوں کو قہقہے لگانے پر مجبور کرنے کا ارادہ کیا ہے۔

اپنے اسٹینڈ اپ کامیڈی شو کے پوسٹر میں بشریٰ انصاری نے جادو گرنی جیسا روپ دھارا ہوا ہے۔


انہوں نے اپنے کامیڈی شو کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آرٹس کونسل کراچی میں 25 جون کو شام 8 بجے اِن کا کامیڈی شو دیکھا جا سکے گا۔

بشریٰ انصاری کی اس پوسٹ کے کمنٹ باکس میں اُن کے لاکھوں مداح یہ شو دیکھنے کے لیے پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز بشریٰ انصاری نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ بہت نروس محسوس کر رہی ہیں، یہ اسٹینڈ اپ کامیڈی ہے، باہر ملک میں مزاح آزاد ہے، وہاں کے لوگ فکروں سے آزاد ہیں، ان کے اسٹینڈ اپ سے میرے شو کا موازنہ نہ کیا جائے، جو کچھ میں کرتی آئی ہوں وہی آگے لے کر چلوں گی۔

یاد رہے کہ بشریٰ انصاری نے 1960ء کی دہائی میں بطور چائلڈ پرفارمر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران متعدد ایوارڈز جیتے جن میں پاکستان کے فنون لطیفہ میں ان کی خدمات کے لیے 1989ء میں صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی شامل ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید