اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ کبھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کا ریکارڈ نہیں، پی ٹی آئی حکومت کی تبدیلی کے دہشت گردی، بغاوت اور غداری جیسی سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔ میں اور میرا خاندان ایک سال سے پراپیگنڈے کی زد میں ہیں۔ متعدد بار گرفتار کرنے اور مارنے کی کوشش کی گئی۔ جب تک اللہ نے زندگی لکھ رکھی ہے میں اپنے لوگوں کی جنگ لڑتا رہوں گا۔ گزشتہ روز صحافیوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عوام کے نام کھلے خط میں انہوں نے رجیم چینج آپریشن کے بعد شروع ہونے والے سنگین نوعیت کے جعلی مقدمات اور دھمکیوں کے سلسلے کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ جان سے مارنے کے منصوبوں کی تفصیل بھی بیان کی۔