جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے بانی امان اللّٰہ خان کی 7ویں برسی اور پارٹی کے 46ویں یوم تاسیس پر گلگت اور برطانیہ کے شہر لیوٹن میں فقید المثال اجتماعات منعقد ہوئے۔
”ریلیز یاسین ملک ریلی‘‘ اور اجتماعات میں یاسین ملک کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
پروگرام میں منقسم اکائیوں کو باہم ملا کر ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی اور وحدت و حاکمیت کی بحالی تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم اور تحریک آزادی کی جدوجہد تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
بھارتی حکومت کی ایماء پر دائر کردہ فرضی و من گھڑت مقدمات کی پاداش میں غیر منصفانہ انداز میں گزشتہ سال عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد اب بھارتی حکومت کی طرف سے یاسین ملک کو سزائے موت دلانے کی کوششوں کے خلاف گلگت شہر میں ’’ریلیز یاسین ملک ریلی‘‘ کی شکل میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا ایک بھرپور عوامی احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا جس کی قیادت پارٹی رہنماؤں نے کی۔
بھارت مخالف ’’ریلیز یاسین ملک ریلی‘‘ کلمہ چوک سے گلگت شہر کے ایک مقامی ہوٹل تک جاری رہی۔
اس دوران مظاہرین بھارتی حکومت کی جانب سے یاسین ملک کو سزائے موت دلانے کی کوششوں اور مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشتگردی، ظلم، جبر و بربریت کالے قوانین کے نفاذ، خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی، نامعلوم اجتماعی قبور اور دیگر ہتھکنڈوں کے خلاف اور اسیران سمیت یاسین ملک کی فوری و غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔
بین الاقوامی قوتوں اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ بھارتی سرکار کے کشمیری عوام کے ساتھ غیر انسانی سلوک کو رکوایا جائے۔
ریلی میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے کارکنان کے علاوہ گلگت شہر کے آزادی پسند عوام اور مختلف جماعتوں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
امان اللّٰہ خان مرحوم سے اپنی والہانہ وابستگی کا اظہار کرنے کی غرض سے آزاد کشمیر بھر سے سیکڑوں کارکنان اور رہنماؤں اور ذمہ داران پر مشتمل ایک بڑے قافلے نے گلگت شہر پہنچتے ہی ان کی آخری آرام گاہ پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کے علاوہ بڑے جذباتی اور منفرد انداز میں سلامی پیش کرتے ہوئے ان کے ادھورے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کیا۔
بیان کے مطابق مقررین نے قائد تحریک کو ان کی قومی تحریک آزادی کے لئے عمر بھر کی جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے جانشین محبوس قائد انقلاب چیئرمین لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک کو تحریک آزادی کا واحد قومی ترجمان قرار دیا جو اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر بھارتی جیل میں تحریک آزادی کی اعصاب شکن جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔