وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی 9 مئی کے واقعات میں اپنے قصور وار ہونے سے توجہ ہٹانے کےلیے گمراہ کن الزامات لگا رہا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس کو بدنام کرنے کی تازہ چال پر کوئی غلطی نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس کی یہ نئی حرکات حیران کن نہیں، میں اس کی ان حرکات سے حیران نہیں ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو شہداء کی یادگاروں کو گرا سکتاہے، جو ریاستی اداروں کے خلاف گندی زبان استعمال کرسکتا ہے، جو لوگوں کو تشدد پر اُکسا سکتا ہے، ریاستی علامتوں، فوجی تنصیبات پر حملہ کرسکتا ہے وہ کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس کا غلط اور جھوٹی خبریں پھیلانے میں کلیدی کردار ہے۔ وہ صرف نفرت، تقسیم اور جھوٹ پھیلاتا ہے۔