• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نصیرالدین شاہ کا نوجوان بالی ووڈ اداکاروں کو اہم مشورہ

نصیرالدین شاہ، فائل فوٹو
نصیرالدین شاہ، فائل فوٹو  

بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ کا کہنا ہے کہ بڑے فلمی ستارے پہلے اسکرین پر جوان نظر آنے کے لیے اپنے بال ڈائی کرواتے ہیں اور پھر بوڑھے نظر آنے کے لیے ان پر وائٹنر لگاتے ہیں۔

نصیرالدین شاہ نےاپنےایک حالیہ انٹرویو میں نوجوان بالی ووڈ اداکاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے اُنہیں اپنی حقیقی زندگی سے رابطہ نہیں کھونا چاہیئے۔

اُنہوں نے سینئر اداکاروں کی اسکرین پر غیر حقیقی تصویر کشی کرنے پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ بڑے فلمی ستارے جب حقیقت سے رابطہ کھودیتے ہیں تو ان سے اسکرین پر حقیقت کی تصویر کشی کی توقع نہیں کی جاتی تھی۔

انہوں نے منوج باجپائی، پنکج ترپاٹھی، نوازالدین صدیقی، عرفان خان، گجراج راؤ، گلشن دیویا اور کے کے مینن کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ان سب میں مشترکہ عنصر یہ ہے کہ یہ سب متوسط ​​طبقے کے گھروں سے آئے تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ اداکار اتنے اچھے اس لیے ہیں کیونکہ ان کے پاس حقیقی زندگی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ جتنے زیادہ آپ مشہور ہوتے جائیں گے، اتنے ہی امیر ہوتے جائیں گے، آپ اتنے ہی الگ تھلگ ہوتے جائیں گے اور اس طرح آپ زندگی سے رابطہ کھو دیتے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ بھارت میں اسٹار بننے کے لیے یہ سب کچھ ضروری ہے۔

سینئر بھارتی اداکار نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بہت سے سرمئی بالوں والے لڑکے ہیں جوکہ نوجوان نظر آنے کے لیے پہلے اپنے بالوں کو ڈائی کرتے ہیں اور پھر اسکرین پر بوڑھے نظر آنے کے لیے وائٹنر لگاتے ہیں۔

یاد رہے کہ نصیرالدین شاہ نے 2018ء میں  اپنے ایک انٹرویو میں بھارتی فلم اسٹارز پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ لوگ کہیں بھی اپنی پوری ٹیم کو ساتھ لیے بغیر کام نہیں کر پاتے، ماضی میں کئی اداکار کہہ چکے ہیں کہ ایک اداکار کے لیے ’کرپٹ‘ ہونے کا سب سے آسان طریقہ ہے کہ وہ اسٹار بن جائے۔

 اُنہوں نے مزید کہا کہ اور اس طرح اسٹار بننے کے بعد آپ اپنی ہی افسانوی دنیا میں جینے لگتے ہیں اور ان تمام خبروں پر یقین کرنے لگتے ہیں جو پریس آپ کے بارے میں لکھتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید