پاکستان شوبز انڈسٹری کے مشہور مصنف انور مقصود کا کہنا ہے کہ مشکل حالات ہوں تو اندازہ ہوتا ہے کہ فوج کتنی ضروری ہے، آج 25 کروڑ پاکستانی سپاہی بن گئے ہیں۔
انور مقصود نے پاک بھارت کشیدگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس ہتھیار نہیں، میرا ہتھیار میرا قلم ہے تو جو کچھ بھی مجھ سے ہو سکتا ہے میں اس ملک کے لیے کروں گا۔
اُنہوں نے کہا کہ میں اپنے پرچم کی عزت بالکل اسی طرح کرتا ہوں جیسے کوئی ہندوستانی اپنے پرچم کی عزت کرتا ہے۔
انور مقصود نے کہا کہ مجھے بھارت کے 5 جہاز گرنے کی اتنی خوشی نہیں ہے جتنا دکھ معصوم پاکستانیوں کے جانی نقصان کا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جنگ شروع کرنا بہت آسان ہے ایک چھوٹے سے واقعے سے ہی جنگ شروع کی جا سکتی ہے لیکن اسے ختم کرنا بہت مشکل ہے، تو دعا کریں کہ سلسلہ آگے نہ بڑھے۔
انور مقصود نے کہا کہ مودی صاحب جو ہیں ظاہر ہے ان کو ووٹ ملے ہیں لیکن شاید اس حادثے کے بعد اُنہیں کچھ عقل آجائے کہ وہ مسلمانوں کے ساتھ برا سلوک کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ زمانہ بدل گیا ہے تو مودی کو سمجھنا چاہیے کہ اب کوئی بھی جنگ نہیں چاہتا۔
انور مقصود نے آخر میں کہا کہ سب ملک کو ترقی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ہم سب پاکستانیوں کو بھی اسی جانب چلنا پڑے گا جس طرف ہماری حکومت اور فوج چلنا چاہتی ہے۔