• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی پر پابندی کی بات صرف اس کے چیئرمین کی وجہ سے ہورہی ہے، مریم اورنگزیب

فوٹو فائل
فوٹو فائل

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کی بات صرف اس کے چیئرمین کی وجہ سے ہورہی ہے، یہ جو کر رہا ہے وہ ملک دشمن کرتے ہیں، یہ ہر مرتبہ کی گئی سازش میں بے نقاب ہوتا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے 9 مئی کو حساس تنصیبات اور ملکی املاک پر حملے کیے۔ 9 مئی بلیک ڈے ہے، انہوں نے اسکول اور اسپتال جلائے، ریڈیو پاکستان کو جلایا، شرپسندوں کی گرفتاری پر ایک شخص انسانی حقوق کا شور مچا رہا ہے، یہ سب اس لیے ہو رہا ہے کہ اس نے عدالت نہیں جانا، یہ سب اس لیے ہورہا ہے کہ اس نے 190 ملین پاؤنڈ کا جواب نہیں دینا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ چار سال میں ملکی معیشت کا جنازہ نکالا گیا، جس ملک میں سیاسی استحکام نہ ہو وہاں معاشی استحکام کبھی نہیں آ سکتا، 2018ء میں ایک مائنڈ سیٹ مسلط کیا گیا، جس نے معیشت کا جنازہ نکالا، اس مائنڈ سیٹ نے لوگوں کو بیروز گار کیا، سیاسی استحکام، امن اور معیشت کی درست سمت کے بغیر کسی ملک نے ترقی نہیں کی، اس شخص کے رویے کی وجہ سے دوست ممالک نے پاکستان پر اعتماد کرنا چھوڑدیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مائنڈ سیٹ اسی طرح 2013ء اور 2014ء میں ڈی چوک پر گالیاں دیتا تھا، اس مائنڈ سیٹ نے لوگوں کو جیلوں میں ڈال کر معیشت کا جنازہ نکالا، 2018ء سے 2022ء کا سفر آپ سب کے سامنے ہے، اس ملک دشمن مائنڈ سیٹ کی وجہ سے ملک میں معاشی استحکام نہیں آرہا، معیشت کی سمت درست کرنے پر کام ہورہا ہے، معیشت کا استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ زمان پارک میں ایک شخص نے خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا، پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے معاہدے سے روگردانی کی۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ نواز شریف نے سیاسی استحکام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کیا اور سیاسی استحکام کے حصول کےلیے 2013ء میں پی ٹی آئی کو خیبر پختونخوا میں حکومت دی۔

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ بجٹ میں آئی ٹی سیکٹر، اسپورٹس، یوتھ کے لیے بڑا پروگرام متعارف کروایا جارہا ہے، کسانوں کو بڑا پیکیج دیا گیا ہے، کسان پیکیج کی دوسری قسط آرہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید