آرٹیفیشل انٹیلی جنس نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی پیش گوئی کردی۔
اوول لندن میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا جا رہا ہے اور اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی پیش گوئی شیئر کی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی میچ سے متعلق پیش گوئی کی ویڈیو شیئر کی جس میں کپتان پیٹ کمنز پیش گوئی پڑھ کر سناتے ہیں۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے کی گئی پیش گوئیوں کو پڑھتے ہوئے آسٹریلیا کےکھلاڑی ہنسے بھی۔
نتیجہ پڑھتے ہوئے آسٹریلیا کے کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا اور بھارت نے اعصاب شکن جنگ لڑی اور ایک مشکل ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے آسٹریلیا نے غیر روایتی حکمت عملی اپنائی اور اپنے بیٹنگ آرڈر کو الٹ دیا جس سے میچ میں حیرت کا عنصر شامل ہوگیا۔
آسٹریلیا کے فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے نتیجہ پڑھتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اور نیتھن لائن نے غیر متوقع طور پر اوپننگ کی اور ہیزل ووڈ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچھ خوبصورت باؤنڈریز لگائیں۔
انہوں نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی پیش گوئی پڑھتے ہوئے بتایا کہ آسٹریلیا کے غیر روایتی انداز کے باعث بھارت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
آسٹریلوی کپتان نے مزید کہا کہ پیٹ کمنز تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور ان کی بے خوفی سے کی گئی بیٹنگ نے آسٹریلیا کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔
پیٹ کمنز نے کہا کہ ایک گیند پر دو رنز درکار تھے تو انہوں نے فل ٹاس گیند پر اونچا شاٹ کھیل دیا۔
ویڈیو میں جوش ہیزل ووڈ نے کہا کہ پیش گوئی کے مطابق آسٹریلیا نے تمام تر مشکلات کے باوجود فتح حاصل کی۔
ضروری نہیں کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس ہر معلومات درست دے اور یہ بات یہاں اس کی میچ سے متعلق کی جانے والی پیش گوئی سے سچ ثابت ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ پیش گوئی کے مطابق آسٹریلیا کے جن بیٹرز کو اوپر کے نمبرز پر بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا وہ ہمیشہ ہی آخر کے نمبرز پر بیٹنگ کے لیے آتے ہیں۔
یاد رہے کہ اوول لندن میں بھارت کے خلاف آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے پہلے روز آسٹریلیا نے 3 وکٹ پر 327 رنز بنا لیے تھے۔ کھیل ختم ہونے پر ٹریوس ہیڈ 146 اور اسٹیو اسمتھ 95 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔