وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں اور لکی مروت میں طوفانی بارش سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں شہباز شریف نے بنوں اور لکی مروت میں جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بنوں، لکی مروت کے عوام کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، بنوں لکی مروت کے عوام کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا اور این ڈی ایم اے کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی بنوں میں بارش اور طوفان سے ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
آصف علی زرداری نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور خیبر پختونخوا کی حکومتیں بارش اور طوفان کے متاثرین کی مدد کریں۔