گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی 35 فیصد تنخواہ بڑھائی گئی ہے اب مہنگائی 40 فیصد بڑھ جائے گی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سائرہ بانو نے کہا کہ آج ایوان خالی ہے، کیا بات کی جائے؟ وزراء ہوتے ہیں نہ بات ہوتی ہے۔ بجٹ پر بار بار کی دہرائی باتیں ہی کروں گی۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کام نہیں کر رہے، اسپتال کام نہیں کر رہے، پوچھتی ہوں سیاستدان کب سرکاری ملازمین سے جان چھڑائیں گے؟
اُن کا کہنا تھا کہ اب جا کر علم ہوا ہے کہ 70 سال سے یہ سیاستدان کمزور ہیں، ہم نام لینے سے کیوں گھبراتے ہیں۔
جی ڈی اے کی ایم این اے نے یہ بھی کہا کہ خواجہ آصف نے معافی مانگی اب انہیں توبہ کرنی ہو گی کہ ان خانہ بدوشوں کو اپنے ساتھ شامل نہیں کرنا چاہیے۔