بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بلند شہر میں دو افراد کو ایک مسلمان مزدور کو مبینہ چوری کے الزام میں درخت سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنانے پر گرفتار کرلیا گیا۔
اس حوالے سے تشدد کا نشانہ بننے والے ساحل نامی مسلمان مزدور کے والد شکیل نے کہا کہ اس کے بیٹے کو ناصرف جھوٹے الزام پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا بلکہ اس کے سر کے بال کاٹے گئے اور اسے جے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا گیا۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس واقعے کے بعد ان کے بیٹے کو جیل بھیج دیا گیا اور اب پولیس ان پر ملزمان سے مصالحت کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کے ساتھ دھمکیاں دے رہی ہے۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو جو ملزمان نے بنائی ہے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کی وجہ سے کشیدگی پائی جاتی ہے۔
دریں اثنا آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور حیدر آباد سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن اسد الدین اویسی نے مذکورہ ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے یوپی پولیس پر کڑی تنقید کی ہے۔