• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلون مسک نے جیف بیزوس کو ’کاپی کیٹ‘ قرار دے دیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

ٹیکنالوجی کی دنیا کے ارب پتی حریف ایلون مسک اور جیف بیزوس کے درمیان جاری سرد جنگ نے ایک بار پھر شدت اختیار کر لی ہے۔

جیف بیزوس کی جانب سے اپنے نئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس پلیٹ فارم ’پروجیکٹ پرو میتھیئس‘ کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس اعلان کے فوراً بعد ایلون مسک نے جیف بیزوس پر طنز کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اِنہیں ’کاپی کیٹ‘ قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب مسک نے بیزوس کو طنز کا نشانہ بنایا ہو۔

اس سے قبل ایلون مسک جیف بیزوس کو اس وقت بھی ’کاپی کیٹ‘ کہتے رہے ہیں جب ایمزون نے انٹرنیٹ بیمنگ سیٹلائٹ منصوبے کا اعلان کیا اور بعد میں خودکار گاڑیوں کی کمپنی زوکس خریدی، اِن دونوں شعبوں میں ایلون مسک پہلے سے ہی موجود تھے۔

اب بیزوس کا نیا منصوبہ ’پروجیکٹ پرو میتھیئس‘ بھی ایلون مسک کے جاری کاروباری منصوبوں سے مسابقت رکھتا ہے۔

جیف بیزوس اس منصوبے میں سابق گوگل ایکس سائنس دان وک بجاج کے ساتھ کام کریں گے، جیف بیزوس کمپنی کے سی ای او ہوں گے جبکہ بجاج اس کے شریک رہنما ہوں گے۔

یہ اسٹارٹ اپ 6.2 ارب ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری حاصل کر چکا ہے جس میں بیزوس کی بڑی شراکت داری شامل ہے اور اسے دنیا کے سب سے زیادہ فنڈ حاصل کرنے والے ابتدائی مرحلے کے منصوبوں میں سے ایک سمجھا جا رہا ہے۔

’پروجیکٹ پرو میتھیئس‘ کا مقصد انجینئرنگ اور مینوفیکچرنگ کے لیے اے آئی مصنوعات تیار کرنا ہے جن میں کمپیوٹرز، ایرواسپیس اور آٹوموبیلز جیسے شعبے شامل ہیں۔ 

کمپنی اب تک مختلف بڑی اے آئی کمپنیوں اوپن اے آئی، ڈیپ مائنڈ اور میٹا سے تقریباً 100 ماہرین بھی بھرتی کر چکی ہے۔

ایلون مسک کی اپنی کمپنی xAI پہلے ہی میدان میں موجود ہے اور اس کا ’گروک‘ ماڈل اوپن اے آئی اور گوگل کے ساتھ سخت مقابلے میں ہے۔ 

جیف بیزوس کے نئے منصوبے کے اعلان نے دونوں شخصیات کے درمیان جاری تکنیکی دوڑ کو ایک بار پھر سرخیوں کی زینت بنادیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید