ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کے وزیرِ معدنیات لوئس واٹم کبامبا اور اُن کے وفد کو لے جانے والا چارٹرڈ ایمبریئر طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر حادثے کا شکار ہوگیا۔
حادثہ کولوویزی ایئرپورٹ پر پیش آیا، جس کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں، ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کے عقبی حصے سے سیاہ دھواں اٹھ رہا ہے جبکہ سرکاری افسران اور دیگر مسافر شدید خوف کے عالم میں بھاگتے ہوئے محفوظ مقام کی طرف جا رہے ہیں۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق طیارہ دارالحکومت کنشاسا سے لوالابا صوبے پہنچا تھا، لینڈنگ کے دوران طیارہ اچانک بےقابو ہو کر پھسلنے لگا، ابھی طیارہ رکا ہی تھا کہ اس کے پچھلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی اور دھواں کیبن میں پھیلنے لگا، جس پر مسافروں نے جان بچانے کے لیے دروازوں سے چھلانگ لگانا شروع کردی۔
وزیرِ معدنیات کے کمیونیکیشن ایڈوائزر آئزک نیمبو کے مطابق تقریباً 20 سرکاری افسران طیارے میں سوار تھے جنہیں آگ بھڑکنے سے پہلے کامیابی سے نکال لیا گیا، تاہم سامان مکمل طور پر جل کر راکھ ہوگیا۔
فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، سول ایوی ایشن حکام نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ حادثہ تکنیکی خرابی، پائلٹ کی غلطی، رن وے کی حالت یا موسم کی وجہ سے پیش آیا۔