فقیروالی،ہارون آباد (نمائندہ جنگ)بہاولنگر کی تحصیل ہارون آباد میں جائیداد کے تنازعہ پر مخالفین نے فائرنگ کرکے وکیل اور اس کابھانجھا قتل کردیا ۔نواحی گاؤں 429 سکس آرکا رہائشی حافظ نثار احمد ایڈووکیٹ تتلہ موٹر سائیکل پرصبح کے وقت بھانجھے ندیم اختر کے ساتھ اپنے گاؤں سے ہارون آباد کورٹ کو جا رہا تھا کہ چک نمبر 104 سکس آر کے قریب پیچھے سے آنے والے موٹر سائیکل سوار مسلح مخالفین نے فائرنگ کر کے دونوں کو شدید زخمی کر دیا جو ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس نے مقتولین کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں بھجوا دیں۔واضح رہے کہ مقتول وکیل اور ساتھیوں سمیت فائرنگ کرنیوالے ملزم ساجد کے درمیان جائیداد کے تنازعہ پر دیرینہ دشمنی چلی آ رہی تھی ۔قتل کی اطلاع ملنے پر ہارون آباد کے وکلاء نے قتل کے سوگ میں اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات منسوخ کر دیں اور اظہار یکجہتی کیلئے تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔