گلوکار، بلاگر اور انفلوئنسر عظیم خان کی شادی کی خوبصورت تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
2021ء میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی صف اول کی اداکارہ صبا قمر کے ساتھ رشتہ بننے اور شادی کے قریب پہنچ کر اس رشتے کے ٹوٹ جانے کے بعد اب عظیم خان نے شادی کر لی ہے۔
گلوکار عظیم خان نے اپنی شادی کی تصویریں سوشل میڈیا انسٹاگرام پر ایک لمبے سے نوٹ کے ساتھ شیئر کی ہیں۔
اپنی دلہنیا کے ساتھ تصویریں شیئر کرتے ہوئے عظیم خان نے بتایا ہے کہ وہ اپنے قریبی دوستوں اور فیملی کی موجودگی میں شادی جیسے خوبصورت رشتے میں بندھ گئے ہیں۔
عظیم خان نے شادی کے فوٹو شوٹ کے لیے لاہور کی مسجد وزیر خان کا انتخاب کیا ہے۔
اس پوسٹ پر عظیم خان کو اُن کے دوستوں اور مداحوں کی جانب سے شادی کی مبارکباد دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ 2021ء میں اداکارہ صباقمر اور عظیم خان نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے ساتھ ڈیٹنگ کا اعتراف کیا تھا۔
اس رشتے سے صبا قمر بے حد خوش تھیں اور اس جوڑی نے شادی کا فیصلہ بھی کر لیا تھا۔
بعد ازاں سوشل میڈیا پر عظیم خان کے خلاف متعدد لڑکیوں کی جانب سے کی جانے والی چند متنازع پوسٹس کے پیشِ نظر اداکارہ صبا قمر نے عظیم خان سے شادی کا ارادہ ترک کر دیا تھا۔
صبا قمر کا اس معاملے پر انسٹا اسٹوری اور پوسٹ میں کہنا تھا کہ ’وہ ایک اہم اعلان کرنا چاہتی ہیں، بہت سارے ذاتی معاملات کی بنا پر انہوں نے عظیم خان سے اپنی شادی منسوخ کر دی ہے، اب ہم شادی نہیں کر رہے ۔‘
صبا قمر نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا تھا کہ ’انہیں امید ہے کہ اُن کے مداح اس فیصلے کی حوصلہ افزائی کریں گے جیسے کہ آج تک آپ سب میرے فیصلوں کو سپورٹ کرتے آئے ہیں اور اُن کے خیال میں اُنہیں کڑوا سچ جاننے میں کوئی تاخیر نہیں ہوئی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ ایک اور اہم بات واضح کرنا چاہتی ہیں کہ وہ آج تک اپنی زندگی میں کبھی عظیم خان سے نہیں ملی ہیں، اُن کا اور عظیم خان کا رابطہ صرف فون پر تھا۔‘
صبا قمر کا خود سے متعلق کہنا ہے کہ ’وہ اس وقت بہت کڑے وقت سے گزر رہی ہیں، مگر ہم سب جانتے ہیں کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا، انشاء اللّٰہ۔‘