ماورا حسین نے شوہر کے گھر منتقل ہو کر نئی زندگی کا آغاز کر دیا، خوبصورت تصاویر منظرِ عام پر آ گئیں۔
پاکستان کی معروف اور دلکش اداکارہ ماورا حسین کئی سال سے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی جاندار اداکاری سے چھائی ہوئی ہیں، حال ہی میں قریبی دوست اور اداکار امیر گیلانی کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہیں۔
ان کی شادی کی تقریب لاہور اور اسلام آباد میں نہایت سادگی اور محبت بھرے ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں صرف قریبی عزیز و اقارب اور دوستوں نے شرکت کی۔
اب ماورا حسین نے باقاعدہ طور پر اپنے شوہر کے گھر منتقل ہو کر نئی زندگی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، اداکارہ نے اپنے نئے گھر کی خوبصورت جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں، جن میں گھر کے ہر کونے کی دلکش تصاویر شامل ہیں، تصاویر کے ساتھ ماورا نے ایک جذباتی پیغام بھی لکھا ہے، جس میں اپنے پرانے گھر سے جڑی یادوں کا تذکرہ کیا ہے۔
ماورا حسین نے اپنے دل کی بات کچھ یوں بیان کی ہے کہ جب بھی میں نے کوئی نیا گھر خریدا، میری ماں نے دعا دی اللّٰہ اس میں رہنا نصیب کرے، آج میں اس دعا کی گہرائی کو واقعی سمجھ پائی ہوں، کتنی دیر ہم ایک جگہ رہتے ہیں، یہ نصیب میں لکھا ہوتا ہے، میں خوش نصیب رہی کہ شادی سے پہلے 2 سال یہاں رہی، آج بالآخر میں نے اپنی تمام پسندیدہ چیزیں اپنے نئے گھر منتقل کر دیں، یہ ایک میٹھا مگر تھوڑا سا تلخ لمحہ تھا۔
ماورا نے مزید لکھا کہ میں اپنے شوہر کے گھر کو بے حد پسند کرتی ہوں اور یہاں آ کر بہت خوش ہوں، میرے سسرال والوں کی وجہ سے یہ منتقلی نہایت آسان رہی، لیکن پھر بھی دل کو وقت دینا پڑتا ہے، نیا گھر اپنانے میں وقت لگتا ہے، اب آہستہ آہستہ یہ جگہ میری اپنی لگنے لگی ہے، میں اپنی چند عزیز ترین چیزیں اپنے ساتھ لے آئی ہوں اور یوں اپنے شوہر کے پورے گھر کو تھوڑا تھوڑا ہائی جیک کر رہی ہوں۔
اداکارہ کے مداح ان کی خوشیوں پر نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کی نئی زندگی کے لیے دعا گو ہیں، ماورا حسین کے نئے گھر کی جھلکیاں اور ان کا محبت بھرا پیغام دلوں کو چھو گیا ہے۔