جنوبی کوریا کے عالمی شہرت یافتہ میوزک بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے ممبر کم سیوک جِن المعروف ’جِن‘ کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو مشہور اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے ایک ریئلٹی شو ’Kian's Bizarre B&B‘ کی ہے۔
اس شو کی حالیہ قسط میں شو کے میزبان کم ہی من المعروف ’کیان‘ نے کھانا تیار ہونے کے بعد شو کے تمام مہمانوں کو چمچ یا چوپ اسٹکس کے بجائے ہاتھ سے کھانا کھانے کا مشورہ دیا جس کے بعد سب نے زمین پر بیٹھ کر دیسی طریقے سے ہاتھ سے کڑی چاول کھائے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
اس وائرل ویڈیو کو سوشل میڈیا پر کورین گلوکار کے مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے اور اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ریئلٹی شو ’Kian's Bizarre B&B‘ جس کی میزبانی کورین کارٹونسٹ ’کم ہی من‘ المعروف’کیان‘ کر رہے ہیں، اس کا مرکزی کردار ایک گیسٹ ہاؤس کا مالک ہے اور یہ کردار’کیان‘ ادا کر رہے ہیں اور اس شو کے ہر سیزن میں ان کے ساتھ نئی مشہور شخصیات بطور مہمان شامل ہوتی ہیں جو گیسٹ ہاؤس کے عملے کا کردار ادا کرتی اور کام کرنے میں کیان کی مدد کرتی نظر آتی ہیں۔