حرا مانی کی ہم شکل نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔
پاکستان کی مقبول ترین اداکارہ، ماڈل، گلوکارہ اور میزبان حرا مانی اداکار، پروڈیوسر اور میزبان مانی شیخ کی اہلیہ ہیں، وہ ناصرف اپنی اداکاری بلکہ اپنی منفرد شخصیت کے باعث بھی جانی پہچانی جاتی ہیں۔
کئی مشہور ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری سے دلوں پر راج کرنے والی حرا مانی ان دنوں نئی ڈرامہ سیریل میں اپنی بہترین اداکاری کی وجہ سے ایک بار پھر مداحوں کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر حرا مانی کی ہم شکل منظر عام پر آئی ہے، جس نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔
پاکستانی نژاد برطانوی انفلوئنسر ڈاکٹر اقدس جو انسٹاگرام پر والدین کی تربیت سے متعلق مثبت مشورے دیتی ہیں، اپنی شکل و شباہت میں حیران کن حد تک حرا مانی سے مشابہ ہیں، صرف چہرے کی مشابہت ہی نہیں بلکہ ڈاکٹر اقدس کی آواز اور اندازِ گفتگو بھی حرا مانی سے اس قدر ملتے جلتے ہیں کہ صارفین دھوکا کھا بیٹھے ہیں۔
انٹرنیٹ پر صارفین حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کر رہے ہیں، کیا آپ حرا مانی ہیں؟ ایک صارف نے تبصرہ کیا آپ تو بولنے میں بھی حرا مانی جیسی لگتی ہیں، جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ آپ تو حرا مانی کا بہتر ورژن لگتی ہیں۔
ڈاکٹر اقدس والدین کی رہنمائی اور مثبت تربیت سے متعلق اپنا پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے معاشرتی بہتری کے لیے کام کر رہی ہیں اور ان کی مسکراہٹ اور انداز نے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ڈاکٹر اقدس اور حرا مانی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں اور مداح دونوں شخصیات کی خوبصورتی اور انداز کی تعریف کر رہے ہیں۔