وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں کراچی کے بجلی صارفین پر ایک روپے 52 پیسے فی یونٹ سرچارج لگانے کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق کراچی کے بجلی صارفین سے 12 ماہ میں سرچارج کی مد میں وصولی کی جائے گی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں نظرثانی شدہ سرکلر ڈیٹ منیجمنٹ پلان پر بھی غور کیا گیا۔
ای سی سی نے سرکاری بجلی گھروں کو 20 ارب روپے استعمال کرنے کی اجازت دے دی، آزاد کشمیر کے واجبات کی مد میں 56 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق لکڑی کی درآمد کیلئے مروجہ شرائط منسوخ کرنے کی منظوری بھی دی گئی، وزارت قومی غذائی تحفظ کو سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ای سی سی اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومتی اداروں کو فارماسیوٹیکل کا خام مال درآمد کرنے کی منظوری دی گئی، مختلف وزارتوں اور محکموں کی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔