امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران کرپشن اور مراعات ختم کرنے کے لیے تیار نہیں۔
چارسدہ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں نے عوام کے ساتھ منافقت کی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے عوام کو دھوکا دیا۔ ہمیں قرضوں کی معیشت نہیں چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم خیبر پختونخوا کا حق چاہتے ہیں، خیرات نہیں۔ خیبر پختونخوا کو قرض فری میں نے بنایا تھا۔ ہماری خدمات کا اعتراف ہمارے سیاسی مخالفین نے بھی کیا۔
سراج الحق نے کہا حکمرانوں نے صرف اپنی مراعات پر اتفاق کیا ہے۔ حکمران کرپشن اور مراعات ختم کرنے کے لیے تیار نہیں۔ افسوس ہے مولانا فضل الرحمان نے بھی سودی نظام کے خاتمے کیلئے ساتھ نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں شفاف الیکشن کا انعقاد کریں گے۔ اگر الیکشن میں تاخیر کی گئی تو عوام کے ساتھ ملکر مقابلہ کریں گے۔ کراچی کے لوگوں نے کرپشن اور زرداری کو مسترد کیا۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا کہ 3 لاکھ جیت جاتے ہیں اور 9 لاکھ ہار جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی میں میئر کا الیکشن دوبارہ کیا جائے۔ کل اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کریں گے۔