امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی میئر کا الیکشن ٹریلر ہے فلم ابھی باقی ہے، کراچی میں قبضے سے میئر بٹھا دیا گیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ نہ ہوا تو کل پورے ملک میں یہی ہو گا، ہم کراچی پر اس قبضے کو برقرار نہیں رہنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 15 سال میں کراچی کو کوئی بڑا منصوبہ نہیں دیا، پیپلزپارٹی نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر صوبے کے ادارے تباہ کر دیے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے نوجوانوں پر نوکری کے دروازے بند کر دیے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کراچی انتخابات کو ملک بھر کی دھاندلی قرار دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی الیکشن میں 31 بندوں کو روکا گیا یا خریدا گیا، ہم وہ لوگ نہیں جن کی یہ بولی لگا دیں اور کرپشن کے پیسے سے خرید لیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے میئر کو جانا ہو گا، ہم نے الیکشن کمیشن میں پٹیشن جمع کرا دی ہے، ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ کا آپشن موجود ہے، یہ الیکشن ان کے گلے کا کانٹا بن چکا، نکال سکتے ہیں نہ نگل سکتے ہیں۔