• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ پر پولیس کا عبوری چالان جمع

9 مئی 2023ء کو کراچی کی شاہراہ فیصل پر جلاؤ گھیراؤ کا ایک منظر
9 مئی 2023ء کو کراچی کی شاہراہ فیصل پر جلاؤ گھیراؤ کا ایک منظر

انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کراچی میں 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری پر جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت ہوئی۔

منتظم جج کے روبرو پولیس نے شاہراہ فیصل پر 9 مئی کو ہونے والے جلاؤ گھیراؤ اور رینجرز کی چوکی جلانے کا عبوری چالان جمع کرادیا۔

پولیس چالان میں بتایا گیا کہ 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر ملزمان انصاف ہاؤس پہنچنا شروع ہوئے، کارکنوں کو حلیم عادل شیخ، شاہنواز جدون اور سعید اعوان سمیت 23 ملزمان نے اکسایا۔

چالان میں مزید بتایا گیا کہ مشتعل ملزمان کےشاہراہ فیصل پرڈنڈوں اور پتھروں سے گاڑیوں پر حملہ کیا اور پیٹرول بم پھینک کر رینجرز چوکی نذر آتش کردی۔

پولیس چالان میں یہ بھی کہا گیا کہ ملزمان نے اس دوران پیپلز بس کو بھی آگ لگائی۔

چالان کے مطابق ملزم طاہر، عمران زیدی اور دیگر نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے بیانات قلم بند کرائے۔

ملزمان نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا کہ عمران اسماعیل نےکال کر کے چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کا بتایا۔

چالان کے مطابق ملزمان کے بیانات کی روشنی میں حلیم عادل سمیت 18 ملزمان پر سہولت کاری کا الزام ہے، مراد سعید اور عمران قریشی سمیت 5 ملزمان کو مفرور قرار دیا گیا ہے۔

پولیس چالان کے ذریعے عدالت کو بتایا گیا کہ جیو فینسنگ کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی ہے جبکہ عمران اسماعیل کے خلاف شواہد نہیں ملے، انہیں عدالتی حکم پر سینٹرل جیل سے رہا کیا گیا ہے۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف ٹیپو سلطان تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

قومی خبریں سے مزید