وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی بارودی سرنگیں بچھا کر ملک دیوالیہ کرنے والے آج اسحاق ڈار سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں، نواز شریف معیشت مستحکم کر کے گئے تھے اور فارن ایجنٹ کی وجہ سے ملک دوبارہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس گیا۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو آئی ایم ایف معاہدے پر چیخ رہے ہیں یہ معاہدہ انہوں نے ہی کیا اور پھر توڑا تھا.
انکا کہنا تھا کہ معیشت تباہ کرنے والے اپنا کیا ہوا آئی ایم ایف معاہدہ بحال ہوتا دیکھ کر کیوں رو رہے ہیں؟ آئی ایم ایف سے سمجھوتہ قریب ہونے کی خبر سنتے ہی رونا پیٹنا پھر شروع ہوگیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 9 مئی کو ملک جلایا، فوجی و نجی املاک پر حملے کیے، شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی کی، اب معاشی مفادات پر حملے کی پھر تیاری ہے۔