میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی عید الاضحیٰ کے انتظامات کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جماعت اسلامی کے ٹاؤنز چیئرمین کے ساتھ اجلاس کیا۔
اس موقع پر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی کی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام ٹاؤنز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔ ابھی ہمیں عید الاضحیٰ آپریشن پر بھرپور توجہ دینی ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ سب کی مشاورت سے شہر کے مسائل کو حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ٹاؤن چیئرمین آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور کلیکشن پوائنٹس تک پہنچانے میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی) کی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ کے انتظامات کے سلسلے میں آلائشوں کو محفوظ طریقے سے مدفون کرنے کےلیے لینڈ فل سائٹ پر کھدائی کا کام مکمل ہوگیا ہے۔ آلائشوں کو مدفون کرنے کے لیے ٹوٹل 18 ٹرینچز بنائی گئی ہیں۔
میئر کراچی نے بتایا کہ آلائشوں کو جمع کرنے کےلیے 93 کلیکشن پوائنٹس بنائے جائیں گے۔ آلائشوں کو اٹھانے کے آپریشن میں ٹوٹل 6 ہزار 802 گاڑیاں 24 ہزار 366 لیبر استعمال میں لائی جائے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہر ڈسٹرکٹ میں شکایات مراکز فعال ہوں گے۔ ایس ایس ڈبلیو ایم بی کی ہیلپ لائن نمبر 1128 پر شکایات درج کروائی جا سکتی ہیں۔