• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لطیف کھوسہ کے گھر فائرنگ کا ملزم گرفتار، اگلا ہدف اعتزاز احسن تھے

لطیف کھوسہ—فائل فوٹو
لطیف کھوسہ—فائل فوٹو

سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

لاہور میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بیرسٹر لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ ملزم پہلے ہی فائرنگ کے 14مقدمات میں مطلوب ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم کا اگلا ہدف بیرسٹر اعتزاز احسن تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملزم محسن عرف لمبا ملت پارک کے علاقے سمن آباد کا رہائشی ہے، ملزم نے یہ بات ہمیں بتائی ہے کہ اسے زبیر خان نیازی نے رقم دی اور اس نے فائرنگ کی۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا ہے کہ ملزم کو وکلاء اور حکومت کے تعلقات میں کشیدگی پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنا تھا، ملزم نے بیان دیا کہ کاشف نامی ساتھی کے ساتھ لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کی۔

کامران عادل کا کہنا ہے کہ ملزم محسن نے زبیر نیازی کے کہنے پر لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کی تھی، فائرنگ کرنے کے لیے 10 لاکھ روپے کی رقم طے ہوئی، جس میں سے 1 لاکھ روپے ایڈوانس لیے۔

واضح رہے کہ لاہور میں سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کا ڈرائیور زخمی ہوا تھا۔

سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے حربوں سے وکلاء کی تحریک کو کمزور نہیں کیا جا سکتا، ہم چیف جسٹس کے پیچھے کھڑے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید