بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے چوتھی سہ ماہی وظائف کے تحت اب تک 46 لاکھ سے زائد مستحق خواتین کو41 ارب روپے سے زائد رقم دی جا چکی ہے۔
ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق بینظیر کفالت کے تحت 90 لاکھ رجسٹرڈ گھرانوں میں رقم تقسیم کی جا رہی ہے، یہ وظائف 9 ہزار روپے فی گھرانہ سہ ماہی بنیاد پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق بینظیر کفالت کے ساتھ رجسٹرڈ گھرانوں کے بچوں کو تعلیمی وظائف بھی دیے جا رہے ہیں جس کے حصول کے لیے اسکول میں 70 فیصد حاضری لازمی ہے۔
بی آئی ایس پی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وظائف کی تقسیم آج بھی بینکوں کے ریٹیلرز کے ذریعے جاری رہے گی، وظائف کی ادائیگیاں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران معطل رہیں گی۔
ترجمان کا مزید بتانا ہے کہ 4 جولائی سے ادائیگیاں دوبارہ شروع کی جائیں گی۔