وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو پاک افغان سرحد پر پارہ چنار کا دورہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پاک افغان سرحد پر پارہ چنار میں افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے فتنہ فساد اور انتشار پیدا کرنے والی قوتوں کے مذموم منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کرنے والے افسروں اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے آیا ہوں۔
انہوں نے عید کا دن فوج کے جوانوں اور افسران کے ساتھ گزارا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف نے عید کی نماز جوانوں اور افسران کے ساتھ پارہ چنار میں ادا کی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھیں۔
وزیراعظم نے فوج کے اعلیٰ جذبے، عسکری تیاری اور پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسر اور جوان ذاتی آرام و سکون چھوڑ کر وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔
افواج پاکستان کے افسر اور جوان موسم اور حالات کی سختیوں کو برداشت کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ افسر اور جوان مشکلات اور مصائب کا سامنا کرکے مادر وطن کی سرحدوں پر پہرہ دیتے ہیں، قوم آپ سب کو سلام پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عید سمیت تہوار ہو یا کوئی غم کا موقع، افسر اور جوان وطن کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہیں۔ ہم آپ کے اس جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔