قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان اپنی مقدس کتاب کی بےحرمتی کبھی برداشت نہیں کریں گے۔
ایک بیان میں راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتا ہوں، ایسے واقعات سے اربوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ ریاستوں کو اس طرح کی کارروائیوں کی روک تھام کے اقدامات کرنے چاہئیں، اسلام تمام مذاہب کے ماننے والے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام میں انتشار، بدامنی اور نفرت انگیز کارروائیوں کی کوئی گنجائش نہیں، اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے مسلم امہ کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ عالمی برادری بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔