• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے  معاہدے کے خد و خال پر بریفنگ دی گئی،  کابینہ نے ورلڈ فوڈ پروگرام کی گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کے کنٹینر کی کراچی سے کابل تک ٹرانزٹ کی اجازت دے دی، فیصلہ افغانستان میں خوراک کی فراہمی کا آپریشن جاری رکھنے کے لیے کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تمام دوست ممالک چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مشکور ہیں، اسلامی ترقیاتی بینک اور ایم ڈی، آئی ایم ایف کے بھی مشکور ہیں۔

اعلامیے کے مطابق  کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم کی سفارش پر  ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ترمیمی بل 2023 کی اصولی منظوری دے دی، ترمیمی بل کی منظوری سے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے نظام میں عصرِ نو کے تقاضوں کے مطابق جدت آئے گی، ترمیمی بل کی منظوری سے کمیشن کے معاملات میں شفافیت پیدا ہوگی، وفاقی اُردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنس اور ٹیکنالوجی ترمیمی بل 2023 کی اصولی منظوری بھی دی گئی، منظوری کے بعد یونیورسٹی میں جدید اصلاحات کے ساتھ ساتھ تحقیق کو بھی فروغ ملے گا۔

کابینہ نے نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ آرڈیننس 2002 میں بھی ترمیم کی اصولی منظوری دے دی، ان تینوں قوانین کا مسودہ کابینہ کمیٹی برائے ڈسپوزل اینڈ لیجسلیٹو کیسز (سی سی ایل سی) میں پیش کیا جائے گا۔

 اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کو اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس منصوبے کے تحت دو قسم کے لائحہ عمل تشکیل دیے گئے ہیں، قلیل المدتی پالیسی کے تحت اسلام آباد اور مضافاتی علاقوں سے ویسٹ کلیکشن شروع کی جاچکی ہے، طویل المدتی پالیسی کے تحت بین الاقوامی کمپنیوں کی خدمات کیلئے ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں۔

کابینہ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بل کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسسز میں بھیجنے کی اصولی منظوری بھی دی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کا بھرپور نظام لایا جائے، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ پلان میں اسپتالوں کے زہریلے فضلے کو تلف کرنے کیلئے تجربہ کار کمپنیوں کو ذمہ داری سونپی جائے، جبکہ اسلام آباد میں اسپتالوں کے فضلے کو تلف کرنے کیلئے موجود انسنریٹرز کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے پرائیویٹ سیکیورٹی سروسز ریگولیرٹری بل 2023 کو سی سی ایل سی میں بھیجنے کی اصولی منظوری دی گئی ہے، بل کے تحت سیکیورٹی کے نظام کی باضابطہ نگرانی کے لیے پرائیویٹ سیکیورٹی سروسز ریگو لیٹری اتھارٹی قائم کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ نے پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی قائم کرنے کیلئے قانون سازی کی اصولی منظوری دے دی،  وزارت تجارت کی مشاورت کے بعد قانون سازی کا مسودہ سی سی ایل سی بھجوایا جائے۔

قومی خبریں سے مزید