سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کےلیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں جاری ہے۔ قومی کرکٹرز نے ریڈ بال کرکٹ میں رنز بنانے کی رفتار بڑھانے کےلیے مختلف شاٹس کی پریکٹس کی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا میں دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی جس کی تیاریوں کیلئے کراچی میں قومی کرکٹرز کا کیمپ جاری ہے۔
شان مسعود نے انگلینڈ سے پہنچ کر کیمپ میں رپورٹ کردی ہے۔
کرکٹرز نے طویل سیشنز میں پریکٹس کی، ایک جانب وہ نیٹس پر پریکٹس کرتے رہے تو دوسرا گروپ میچ سیناریو بنا کر پریکٹس کرتا دکھائی دیا۔
قومی کرکٹرز کیمپ میں بیٹنگ پر مختلف شاٹس کی پریکٹس کرتے دکھائی دیے جس کا مقصد ریڈ بال کرکٹ میں بھی جدید طرز کو اپناتے ہوئے تیز رفتاری سے رنز بنانا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر سعود شکیل کا کہنا تھا کہ مینجمنٹ نے پلیئرز کو کہا ہے کہ اپنے اسکلز پر کام کریں، سری لنکا کا دورہ مشکل ہوگا وہاں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔