صوابی( نمائندہ جنگ)سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ذہنی و جسمانی طور پر معذور افراد خصوصی ہمدردی اور امداد کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزڈی سی آفس صوابی میں ذہنی و جسمانی طور پر معذور افراد میں چیکو ں کی تقسیم کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ اسد قیصر نے معاشرے کے صاحب ثروت اور مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ معذورافراد کی دل کھول کر امداد کریں ۔ سپیکر نے کہا کہ انہوں نے اپنے فنڈ سے معذور افراد کی بحالی کیلئے چھ کروڑ روپے کی رقم سے ایک پیکج شروع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پیکج کے تحت معذور افراد کو بلا امتیاز و تفریق امدادی چیک دیئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس امدادی رقم سے معذور افراد کے تمام مسائل تو حل نہیں ہو سکتے تا ہم اس رقم سے کسی حد تک ان کے مسائل کا مداوا ضرور ہوسکتا ہے ۔ سپیکر اسد قیصر نے اعلان کیا کہ وہ ذہنی و جسمانی طور پر معذور افراد کی بحالی کیلئے ٹیکنیکل سکول کے قیام کا ارادہ رکھتے ہیں جس کو جلد عملی شکل دی جائے گی ۔ سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے اس موقع پر صوابی کے خصوصی افراد کی بحالی کے مرکز کیلئے بجلی کے 50 کے وی ٹرانسفارمر کا بھی اعلان کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سوشل ویلفیئر آفیسر عالمگیر خان نے کہا کہ سپیکر کی جانب سے پیکج کے اعلان کے بعد 866 معذور افراد کی درخواستیں موصول ہوئیں تاہم اس بارے میں ایک بورڈ نے باقاعدہ طور پر پوری چھان بین کے بعد پانچ سو افراد کو باضابطہ طور پر معذور قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے معذور قرار دیئے جانے والے تمام افراد کومرحلہ وار پروگرام کے تحت بلا امتیاز مساوی چیک تقسیم کئے جا ئیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر مطیع اللہ خان کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔