وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ محترمہ فاطمہ جناح ایک عظیم بھائی کی عظیم بہن تھیں، وہ قوم کے لیے ماں کا درجہ رکھتی ہیں، قوم پر ان کے بہت احسانات ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒکی ہمشیرہ، مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کو ان کے 56 ویں یومِ وفات پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ محترمہ فاطمہ جناح بابائے قوم کے لیے حوصلے اور ہمت کا ذریعہ تھیں، مادرِ ملت پیرانہ سالی کے باوجود آمریت کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوئیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مادرِ ملت نے عوام، جمہوریت اور ملک کے لیے تاریخی کردار ادا کیا، محترمہ فاطمہ جناح کی شخصیت آج کی بچیوں اور خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ محترمہ فاطمہ جناح نے تحریکِ پاکستان کے لیے بے مثال کردار ادا کیا، قوم مادرِ ملت کی پاکستان کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ قوم ہمیشہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کے احسانات کی مقروض رہے گی۔