کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں لڑکی کو ہراساں کرنے والے ملزم کا خاکہ پولیس نے تیار کرا لیا۔
پولیس کے مطابق خاکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ واقعے کی تفتیش کے لیے 15 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق اب تک 300 افراد سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ گلستانِ جوہر بلاک 4، مغل ہزارہ گوٹھ کے قریب راہ گزرتی لڑکی سے ملزم نے مبینہ زیادتی کی کوشش کی تھی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلی میں ملزم موٹر سائیکل کے پاس کھڑا ہے، اس دوران باحجاب لڑکی گلی سے گزرتی ہے تو ملزم اس کے ساتھ زیادتی کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
لڑکی ملزم کے ساتھ مزاحمت کرتی ہے جس پر ملزم موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو جاتا ہے۔
ملزم کی موٹر سائیکل پر نمبر پلیٹ بھی نہیں لگی ہوئی تھی، جبکہ ملزم نے شناخت چھپانے کے لیے ماسک بھی پہنا ہوا تھا۔