وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ملک اور ریاست کے خلاف مہم وہی پرانی ہے۔ چہرے بدل گئے لیکن ایجنڈا ایک ہی ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ 9 مئی والا ایجنڈا بیرون ملک بیٹھی پراکسیز اور کٹھ پتلیوں کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کے خلاف مذموم اور شرانگیز مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔ کچھ عناصر بیرون ملک بیٹھ کر ملک دشمنی اور غداری کر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیاسی شدت پسندی کا واقعہ ہوا تو چیئرمین پی ٹی آئی ذمے دار ہوگا۔ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈےکی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اپنا جھوٹ پھیلانے کےلیے چند یوٹیوبرز اور ولاگرز کو پراکسی کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ فارن ایجنٹ نے سرکاری و حساس عمارتوں پر حملے کروائے اور شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی کروائی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپنے لابیسٹس اور فارن میڈیا کو اپنے جھوٹے بیانیے کا مواد دینے کےلیے یہ حرکتیں کر رہا ہے۔