• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غلام علی کی حمایت کرکے عظیم غلطی کی، ایمل ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ہم حکومت کے بھوکے یا بھکاری نہیں ہیں، غلام علی کی حمایت کرکے عظیم غلطی کی۔

پشاور سے جاری بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ یہ خیبرپختونخوا کی حکومت ہے حلوہ نہیں کہ ہر کوئی کھائے، ہم حکومتوں کے بھوکے اور بھکاری نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں مذہب کے نام پر جو من و سلویٰ جاری ہے، ابھی ذکر بھی نہیں کیا، اے این پی بیساکھی کی محتاج نہیں، عوام ہماری طاقت ہے اور رہے گی۔

اے این پی کے صوبائی صدر نے یہ بھی کہا کہ گورنر کی بات کی، وہ مولانا فضل الرحمان اور اُن کی پارٹی کےلیے شرم کا باعث بن چکے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ مولانا اپنے سمدھی اور اُن کے فیصلوں کو اپنانے کی ہمت پیدا کریں، مانتا ہوں میر ی عظیم غلطی ہے کہ غلام علی کی حمایت کی۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ پیغام دیا جارہا ہے کہ میں سب کچھ اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر کررہا ہوں، جو الزام لگایا ہے ثابت بھی کریں، ہم نے منہ کھولا تو کچھ نہیں بچے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے غلام بلور پر بھی جے یو آئی میں شمولیت کےلیے جرگہ کیا، غلام بلور کا جواب سن کر آپ کی حالت دیکھنے لائق تھی۔

اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ دین کا لباس اوڑھے ملک کا جو حشر کیا ہے، ایک دن جواب دینا ہوگا، انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، زیادہ تر امیدوار نامزد ہوچکے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید