انڈونیشیا کے کوسٹ گارڈز نے تیل سے لدے ایرانی بحری جہاز کو قبضے میں لے لیا۔
’ایم ٹی ارمان 114‘ نامی آئل ٹینکر میں 2 لاکھ 72 ہزار 569 میٹرک ٹن خام تیل موجود تھا جس کی مالیت 30 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہے۔
انڈونیشیا کی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ تیل سے لدا یہ جہاز جمعہ کو بغیر اجازت ایک دوسرے جہاز میں تیل منتقل کر رہا تھا۔
اس جہاز کو اس وقت قبضے میں لیا گیا جب یہ انڈونیشیا کے شمال میں نتونا سمندر میں دیکھا گیا، اس وقت ایرانی بحری جہاز سے افریقی ملک کیمرون کے ’ایم ٹی ایس ٹینوس‘ نامی جہاز میں تیل منتقل کیا جا رہا تھا۔
میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے سربراہ آن کورنیا کا کہنا ہے کہ ایرانی جہاز اپنے آٹومیٹک آئیڈینٹی فکیشن سسٹم میں تبدیلی کرکے اپنا مقام بحیرہ احمر دکھا رہا تھا لیکن حقیقتاً وہ یہاں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی جہاز نے انڈونیشیا کے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خام تیل سمندر میں بھی ڈالا۔
ایرانی جہاز کا 28 افراد پر مشتمل عملہ اور ایک سیکیورٹی افسر کے تین اہلخانہ بھی انڈونیشیا کی حکام کی تحویل میں ہیں۔