• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردوں اور خواتین کو ملکر پاکستان کی ترقی میں حصہ لینا ہوگا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا، کل ہم نے اکنامک ریکوری پلان بنایا ہے، زراعت، برآمدات، معدنیات ترجیح ہیں۔

اسلام آباد میں بااختیار خواتین پروگرام کی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ پڑھی لکھی خواتین کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ اگر اقوام عالم میں پاکستان کا لوہا منوانا ہے تو مردوں اور خواتین کو مل کر ترقی میں حصہ لینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 75 سال میں خواتین کو حقوق، اختیار، احترام اور کام کرنے کا بہتر ماحول فراہم نہیں کر سکے، خواتین کو بہتر مواقع دینے والی قومیں ترقی میں بہت آگے نکل گئیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ خواتین ملکی آبادی کا نصف سے زائد ہیں، ان کا ہماری معاشرت میں اہم حصہ ہے، خواتین ملک میں اہم عہدوں پر کام کررہی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ خواتین پاکستان کی معیشت کا انجن ہیں، پنجاب میں ہم نے بچیوں کے لیے بے شمار پروگراموں کا اجراء کیا تھا۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ آج کے چینلجز میں سب سے بڑا چیلنج معاشی ترقی اور خوشحالی ہے، اب رونے دھونے سے کام نہیں چلے گا۔ کب تک ہم قرضوں پر زندگی گزارتے رہیں گے؟ پاکستان اگلے چند دنوں میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم کب تک قرض لیتے رہیں گے یہ ایک چبھتا ہوا سوال ہے، ماضی سے سبق حاصل کرکے ایک قوم کی طرح آگے بڑھنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کل ہم نے پاکستان اکنامک ریکوری پلان بنایا ہے، اکنامک ریکوری پلان میں پہلا نمبر زراعت، دوسرا برآمدات اور تیسرا نمبر معدنیات کا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودیہ عرب نے 2 ارب ڈالر دے کر ایک بار پھر مشکل وقت میں ساتھ نبھایا۔

قومی خبریں سے مزید