اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے صحافی اعظم چوہدری کے حوالے سے شائع خبر کو غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اعظم چوہدری سرکاری ٹی وی کا ملازم نہیں اور نہ ہی کبھی ملازم رہا ہے،یہ سرکاری ٹی وی کے مسائل پر مبنی تجزیہ کاروں کے پول کا صرف ایک رکن ہے، انہیں اس پول سے ہٹایا نہیں گیا اور نہ ہی انہیں چھوڑنے کے لئے کہا گیا ہے، ان سے اس قسم کی کوئی بات نہیں ہوئی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں ریکارڈ کی درستگی کے لئے چند حقائق پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس صحافی کے خیالات اور آراءسے آگاہ ہونے کے باوجود اسے پریس کانفرنس میں مدعو کیا، اگر حکومت اس کی آواز یا سوال کو دبانا چاہتی تو اسے مدعو نہ کیا جاتا اور اسے سوال پوچھنے کا موقع نہ دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس صحافی کے سوال کا تفصیل سے جواب دیا۔ میں نے بھی ان کے سوال کا جواب دیا۔