• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم نے ریڈیو پاکستان کا بزنس پلان تیار کرلیا، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج ہم نے ریڈیو پاکستان کا ایک بزنس پلان تیار کیا ہے۔

اسلام آباد میں ریڈیو پاکستان کے دورے کے دوران پریس کانفرنس میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ 14 ماہ ریڈیو پاکستان میں ہنگامی بنیادوں پر بحالی کا پروگرام شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آ کر قومی نشریاتی اداروں کی عمارتیں نیلام کرنے کے نعرے نہیں لگائے، گزشتہ دور حکومت میں ریڈیو پاکستان کی نیلامی کی باتیں ہوتی تھیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ انہوں نے 2014ء میں پی ٹی وی پر حملہ کیا، انہی لوگوں نے 9 مئی 2023ء کو ریڈیو پاکستان پشاور پر حملہ کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج ہم نے ریڈیو پاکستان کا ایک بزنس پلان تیار کیا ہے، ایف ایم 101 کے 25 سال مکمل ہو رہے ہیں، اس حوالے سے تقریب جلد منعقد ہوگی۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ آئی ٹی سے متعلق تمام معلومات اس نشریات سے نشر کی جا رہی ہیں۔ ڈرامہ، پروڈکشن اور آڈیو ڈرامہ ریل کے حوالے سے اسٹوڈیو کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوڈ کاسٹ اسٹوڈیو سمیت 24 گھنٹے میوزک کی نشریات بھی شروع کر دی گئی ہیں، اوورسیز پاکستانیز پاکستان کا پورا کانٹیٹ ورلڈ سروس سے حاصل کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوت القرآن کی ٹرانسمیشن کو ڈیجیٹل کر دیا گیا، نیوز بلیٹن نیشنل کے نام سے اسٹوڈیو بھی شروع کیا گیا، آج مجموعی طور پر 12 اسٹوڈیوز کا آغاز کیا گیا، جو عالمی معیار کے مطابق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام چیزیں 14 ماہ کی مختصر مدت میں مکمل ہوئی ہیں، اس دورانیے میں ہم نے بہت سی کامیابیاں حاصل کیں، ہم نے فلم، کلچر اور ورثے کو فروغ دیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمام اسٹوڈیوز کو یونیورسٹیوں کے لیے بھی اوپن کیا جائے گا۔ پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور انفارمیشن سروس اکیڈمیز کو ضم کر کے طلباء کےلیے پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اطلاعات صحافیوں کے منہ پر تھپڑ مارنے میں مصروف تھے، صحافیوں نے پچھلے 4 سال سینسر شپ دیکھی ہے۔

قومی خبریں سے مزید