محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 20 سے 22 جولائی کے درمیان مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اس نئے سلسلے کے اثر انداز ہونے سے کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔
مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ خلیجِ بنگال سے پاکستان میں داخل ہو گا، کراچی میں بارشوں کی شدت کا اندازہ سسٹم کے قریب آنے پر ہو گا۔
ادھر بلوچستان کے اکثر اضلاع میں مون سون بارش کا نیا سسٹم آج سے داخل ہو رہا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا یہ نیا سسٹم 16 جولائی تک صوبے میں موجود رہے گا، جس کے تحت بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو اور لورالائی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ژوب، قلات، پنجگور، آواران اور خضدار میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے بلوچستان نے مون سون بارشوں کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔