وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چشمہ 5 نیو کلیئر پاور پلانٹ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
میانوالی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 5 کا سنگِ بنیاد رکھے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرٍ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ پاکستان اور چین کے باہمی تعاون کا عکاس ہے، چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 ایک اہم سنگِ میل ہے۔
وزیرٍِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ افواہیں پھیلائی جا رہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا، مشکل وقت میں دوست ممالک نے تعاون کیا۔
انہوں نے کہاکہ تعاون کی کہانی چین کی مدد کے بغیر نامکمل ہے، مشکل وقت میں چین نے 5 ارب ڈالرز کے قرضوں کو رول اوور کیا۔
وزیرٍِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عظیم دوست کی مشکل وقت میں مدد کو کبھی نہیں بھولیں گے، آئی ایم ایف پروگرام کی منظور ی کے بعد ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 جیسے منصوبوں کا شروع ہونا افواہیں پھیلانے والوں کو مؤثر جواب ہے، چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ کو عالمی توانائی ایجنسی نے بھی محفوظ قرار دیا ہے۔
وزیرٍِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں چین، سعودی عرب اور یو اے ای کی معاونت پر شکر گزار ہیں، پچھلے 4 ماہ میں پاکستان کی معیشت کو بچانے کے لیے چین نے متعدد اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 سستی توانائی کے حصول کی جانب قدم ہے۔
واضح رہے کہ چشمہ 5 کی استعداد کو 1100 میگا واٹ سے بڑھا کر 1200 میگاواٹ کر دیا گیا ہے۔
معاہدے پر 2017ء میں دستخط ہوئے، منصوبہ 5 برس التواء کا شکار رہا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ملک میں کم لاگت اور ماحول دوست بجلی کے وژن کے تحت اس منصوبے پر کام کو دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس کا سنگِ بنیاد بھی رکھ دیا۔
تقریب سے خطاب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب تک امیر و غریب کے درمیان تعلیم کے میدان میں تفریق ختم نہ ہو قائد و اقبال کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امید ہے کہ ہنر مند نوجوان دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔