بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولی کوزیک کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
واشنگٹن میں آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونی کیشن جولی کوزیک نے بریفنگ میں بتایا کہ 12 جولائی کو ایگزیکٹیو بورڈ نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالرز کی منظوری دی۔
ان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے فوری طور پر 1.2 ارب ڈالرز جاری کر دیے ہیں، نیا پروگرام معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے حکام کی فوری کوششوں کو سہارا دے گا۔
جولی کوزیک کا کہنا ہے کہ آنے والے عرصے میں مستحکم پالیسی پر عمل درآمد اہم ہے، یہ پروگرام پاکستان کے لوگوں کی مدد اور حمایت کے لیے اہم ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام پاکستان کی ملکی بیرونی اقتصادی صورتِ حال مضبوط بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔
آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونی کیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کو مختلف قسم کے چیلنجوں کا سامنا ہے، مسلسل اصلاحات کی ضرورت ہو گی۔