پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ لاہور کی بیٹھک نے دبئی کے فیصلوں پر مہر ثبت کر دی۔
ملتان میں شاہ محمود قریشی نے ضلع کچہری میں میڈیا ٹاک کے دوران کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہے۔
ان کا کہنا ہےکہ ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، الیکشن ایکٹ 2017ء میں سیکشن 9 بہت مبہم ہے، 2 بڑوں میں بات ہو چکی ہے باقیوں کو کچھ معلوم نہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وقت بتائے گا کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے، مسلم لیگ ن عدم استحکام کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین کو عدالتوں سے ریلیف ملا ہے، حکومت چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف من گھڑت کیسز بنا رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا ہے کہ حکومت 90 روز کے انتخابات کو ترجیح دیتے ہوئے نظر آ رہی ہے، اسرائیل کے حوالے سے توڑ مروڑ کر بات پیش کی جا رہی ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن کی تاریخ الیکشن کمیشن نے دینی ہے۔