سندھ میں آئل ٹینکرز کے ڈرائیورز کے اغواء کے پے در پے واقعات کے خلاف کراچی میں آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
درجنوں ٹینکرز اور گاڑیوں کے ہمراہ ڈرائیورز، مالکان اور دیگر افراد نے شیریں جناح کالونی سے کلفٹن میں بلاول چورنگی تک احتجاجی ریلی نکالی اور بلاول ہاؤس چورنگی پر احتجاج کیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ خالد بھٹنی نامی ڈرائیور کو 24 جون کو کندھ کوٹ میں اغواء کیا گیا ہے۔
ترجمان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن لئیق زادہ کے مطابق اس معاملے میں پولیس حکام نے لا علمی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ڈرائیور کی رہائی کےلیے اغواء کار 1 کروڑ روپے تاوان مانگ رہے ہیں۔
ٹرانسپورٹرز کے مطابق اس سے قبل بھی متعدد ڈرائیوروں کو اغواء کر کے تاوان وصول کیا جا چکا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ٹینکرز اور ٹرکوں کے ڈرائیورز سندھ میں سفر کے دوران خوف محسوس کر رہے ہیں۔
احتجاج کے دوران کلفٹن میں بلاول چورنگی کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک معطل ہو گیا، تاہم صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے ضلع ساؤتھ کی پولیس موقع پر موجود تھی۔